ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / ’یو این‘ مندوب کا یمن میں سیاسی بات چیت میں اہم پیش رفت کا دعویٰ

’یو این‘ مندوب کا یمن میں سیاسی بات چیت میں اہم پیش رفت کا دعویٰ

Wed, 19 Sep 2018 15:46:05  SO Admin   S.O. News Service

دبئی 19ستمبر ( ایس او نیوز ایجنسی )  یمن کے لیے اقوام متحدہ کے امن مندوب مارٹن گریفیتھ نے کہا ہے کہ یمن کی آئینی حکومت اور ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کے درمیان مذاکرات کی بحالی کی کوششوں میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق مائیکرو بلاگنگ ویب سائیٹ ’ٹوئٹر‘ پر پوسٹ کردہ ایک بیان میں گریفیتھ کا کہنا تھا کہ ان کی صنعامیں حوثیوں اور جنرل پیپلز کانگریس کے رہ نماؤں سے تعمیری اور مثبت بات چیت ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یمن میں متحارب فریقین کے درمیان بات چیت کی بحالی کی قوی امید پیدا ہوئی ہے۔حوثیوں کی طرف سے قیدیوں کے تبادلے، اقتصادی صورت حال کی بہتری اور صنعا ہوائی اڈے کو کھولنے کے مطالبات سامنے آئے ہیں۔اقوام متحدہ کے امن مندوب حوثیوں کی تجاویز لے کرآج یمنی حکومت کے ساتھ سعودی عرب کے دارالحکومت الریاض میں مذاکرات کریں گے۔ خیال رہے کہ یو این مندوب کی طرف سے باغیوں کی جانب سے مذاکرات کے لیے لچک کا ایک ایسے وقت میں دعویٰ کیا ہے کہ جب صنعا میں آج مسلسل تیسرے روز بھی تیل کا بحران جاری ہے۔ پٹرولیم مصنوعات بلیک مارکیٹ میں فروخت ہو رہی ہیں۔ اس کے علاوہ گذشتہ کئی ہفتوں سے صنعا میں گیس کا بھی شدید بحران پایا جا رہا ہے۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ تیل کی قلت کے بعد پٹرول اسٹیشنوں کے سامنے گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔ بلیک مارکیٹ میں ایک گیلن پٹرول کی قیمت 16 ہزار یمنی ریال تک جا پہنچی ہے۔ تین روز قبل 20 لٹر کے گیلن کی قیمت 8 ہزار 500 ریال تھی۔


Share: